Dec ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۱:۵۵ Asia/Tehran
  • امریکہ اور برطانیہ یمن میں صلح کی راہ میں رکاوٹ ہیں: انصاراللہ

انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل کے ایک رکن نے کہا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور سعودی اتحاد یمن میں صلح قائم ہونے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل کے ایک رکن علی القحوم نے کہا ہے کہ صلح کا دروازہ کھلا ہے اور جو صلح کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں، وہ امریکہ، برطانیہ اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے اتحادی ہیں جو جارحیت اور محاصرہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ائیرپورٹ، بندرگاہوں کا محاصرہ کئے ہوئے ہیں اور تیل و گیس کی آمدن سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کرنےکی مخالفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا منافقانہ رویہ واضح طور پر نظر آ رہا ہے، وہ یوکرین میں صلح اور مذاکرات کے لئے جنگ بندی کی بات کرتے ہیں لیکن یمن میں دوسری بات کرتے ہیں، وہ زور زبردستی، مسلسل جارحیت، محاصرہ کی حمایت کر رہے ہیں اور جارح افواج کو پیچھے ہٹنے سے روک رہے ہیں۔

یمنی سیاسی کونسل کے رکن نے کہا کہ یمنی عوام کا اپنا نظریہ ہے اور وہ اپنی تمام طاقت سے اپنے اقتدار اعلیٰ، ارضی سالمیت اور بیرونی مداخلت کے بغیر اپنی مشکلات کے حل کی کوششوں کا دفاع کرتے رہیں گے اور اس موضوع پر کسی بھی صورت میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

علی القحوم نے مزید کہا کہ امریکہ اور برطانیہ یا تو عادلانہ صلح کا انتخاب کریں یا پھر اپنے امن واستحکام کی ناقابل برداشت قیمت ادا کرنے کےلئے تیار ہوجائیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے عرب کے سب سے غریب ملک پر اپنے اتحادیوں اور امریکہ برطانیہ کی حمایت سے حملہ کردیا تھا، جنگ کے آٹھ سال گزرنے کے باوجود وہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور یمنی انصاراللہ کے جوابی میزائل اور ڈرون حملوں نے اسے جنگ بندی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

ٹیگس