Feb ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت جاری، چار شہید اور زخمی

سعودی اتحاد نہ جنگ نہ امن کی صورتحال کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے یمن کے مظلوم عوام کو بدستور اپنی جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ سعودی فوج کے تازہ حملوں میں چار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، سعودی جارح افواج نے بدھ کے روز یمن کے سرحدی صوبے صعدہ پر بھاری گولہ باری کی جس کے نتیجے میں دو یمنی شہری شہید اور دو دیگر بری طرح زخمی ہوگئے۔
صوبہ صعدہ کے مختلف علاقوں پر سعودی فوج کے توپخانوں کے حملے گذشتہ چند مہینوں کے دوران ایک دن بھی نہیں رکے جس کی زد میں آکر متعدد یمنی شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں ۔ 
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مشترکہ کمان نے بھی ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد نے مارٹر حملے بھی کئے ہیں اور توپوں سے یمن کے حیس اور جبلیہ شہروں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
دریں اثنا شہر حیس پر سعودی فوج کے ایک ڈرون حملے کی رپورٹ بھی منظر عام پر آئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی حمایت اور عالمی برادری کی خاموشی کی آڑ میں ریاض نے سن دو ہزار پندرہ میں یمن کے خلاف جنگ چھیڑ دی جو کہ چند مہینے کے اندر ختم کرنے کے دعووں کے باوجود ابھی تک جاری ہے۔ اس جنگ میں ابوظہبی اور بعض دیگر عرب دارالحکومتوں نے ریاض کا ساتھ دیا ہے۔ 
سعودی ظالمانہ حملوں کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں اور چالیس لاکھ سے زیادہ یمنی آوارہ وطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ٹیگس