یمن میں جنگ کے خاتمے کا اعلان ہونے والا ہے: باخبر ذرائع کا انکشاف
صنعا اور ریاض نے جنگ بندی جاری رکھنے کے معاہدے پر دستخط اور اس کے بعد باضابطہ طور پر جنگ کے خاتمے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، باخبر یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے لئے تعینات سعودی سفیر نے یمن کی صدارتی کونسل کے ارکان اور سربراہ سے ملاقات کے دوران، صنعا کے ساتھ غیراعلانیہ سمجھوتے کے بارے میں گفتگو کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کو کھولنے کے بدلے میں، جنگ بندی کی مدت ایک سال بڑھانے کا عندیہ دے دیا ہے۔
ان باخبر ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ نئی شرطوں پر مبنی جنگ بندی کی مدت میں توسیع کے بعد، سعودی عرب باضابطہ طور پر یمن میں جنگ کے خاتمے اور اس ملک کے معاملات میں عدم مداخلت کا اعلان کردے گا۔
رپورٹ کے مطابق، یمن کی جنگ کے خاتمے کے اعلان کے بعد، اقوام متحدہ اور ریاض کی نگرانی میں یمنی گروہوں کے مابین مذاکرات کا آغاز ہوگا۔
ان مذاکرات کا مقصد عبوری مرحلے میں یمن کا انتظام سنبھالنے کا طریقہ اور آئندہ حکومت کی نوعیت کا تعین قرار دیا گیا ہے۔ بظاہر عبوری مرحلے کی مدت دو سال طے پائی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق، سعودی عرب نے یمن کی صدارتی کونسل کو بتا دیا ہے کہ یمن کے کیس کو مکمل طور پر بند کرنے کا خواہاں ہے۔