Apr ۱۱, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو نہایت نالائق اور جھوٹے انسان ہیں: صیہونی سیاستداں

ایران، فلسطینی تنظیموں اور اپنے بعض اندرونی مسائل کے سلسلے میں ناجائز صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے بیان پر خود صیہونی سیاستدانوں کا ردعمل سامنے آیا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ نتن یاہو میں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر مزید کام کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: عبری میڈیا کے مطابق "اسرائیل ہمارا گھر" نام سے موسوم پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر جنگ اور وزیر اقتصاد آویگدورلیبرمین نے بنیامین نتن یاہو کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انکی باتوں سے یہ واضح ہو گیا ہےکہ ان میں مزید وزارت عظمیٰ کے عہدے پر باقی رہنے کی صلاحیت نہیں ہے۔

سابق صیہونی وزیر اعظم یائیر لاپید کی کابینہ میں وزیر جنگ رہ چکے بینی گینٹس نے کہا کہ نتن یاہو مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں اور وہ حکومت کی سربراہی کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

صیہونی لیبر پارٹی کی سربراہ میرا میخائلی نے بھی نیتن یاہو کے بیانات کو جھوٹ کا پلندہ اور ایسے شخص کا اظہار خیال قرار دیا جس نے گزشتہ تین ماہ کے دوران صیہونی ریاست کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا۔

صیہونی پارلیمنٹ کینیسٹ کے سابق سربراہ میکی لیوی نے بھی صیہونی وزیر اعظم کے بیان پر کہا کہ ہم ایک تلخ حقیقت اور سکیورٹی بلوے سے روبر ہو چکے ہیں جس کی ذمہ دار ایک انتہا پسند اور بدعنوان حکومت ہے جس کے وزرا اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرتے ہیں۔

اسی طرح ایک صیہونی ایم پی ماتی ہرکابی نے بھی نتن یاہو کے بیانات کو جھوٹ، الزام تراشی اور کھوکھلی باتوں کا پلندہ اور ذمہ داریوں سے فرار قرار دیا اور نتن یاہو کو ایک خطرناک اور نالائق شخص کا نام دیا۔

صیہونی شہریوں نے بھی ہزاروں کی تعداد میں اپنے وزیر اعظم کے بیانات سامنے آنے کے بعد پیر کی شب سڑکوں پر نکل کراحتجاج کیا۔

ٹیگس