اسرائیل کی خان یونس کے ایک گھر پر بمباری، سرایا القدس کے 3 مجاہد شہید
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی فلسطینیوں کے خلاف جارحیت و بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق قدس کے غاصب و جابر صیہونی فوجیوں نے خان یونس کی کالونی حمد میں ایک رہائشی مکان پر بمباری کی جس کے نتیجے میں قدس بریگیڈ کی عسکری کونسل کے رکن علی حسن غالی اپنے بھائی محمود حسن محمد غالی اور ایک اور مجاہد محمود ولید عبدالجواد کے ہمراہ شہید ہو گئے۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں ںے اس مجاہد کمانڈر کے مکان کو امریکی ساخت کے گائیڈڈ میزائل GBU 39 سے نشانہ بنایا۔
منگل کے روز سے صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کی غزہ پٹی پر ہونے والے حملوں میں اب تک 25 فلسطینی شہید اور کم از کم 70 زخمی ہو چکے ہیں۔
اس درمیان صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کے جوابی میزائل حملوں کے خوف سے صیہونی حکام نے غزہ کے قریب واقع صیہونی بستیوں کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا۔ صیہونی حکومت فلسطینیوں کے جوابی میزائل حملوں سے شدید طور پر وحشت میں مبتلا ہے اور ان حملوں کو روکنے کی توانائی نہیں رکھتی اسی وجہ سے اس نے ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کا راستہ اپنا لیا ہے۔