اربعین مارچ میں اس سال ایک لاکھ پاکستانی زائرین ویزا فیس کے بغیر شرکت کریں گے (ویڈیو)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عراق کے صدر عبداللطیف رشید اور عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق ان ملاقاتوں میں دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستانی شہری کثیر تعداد میں زیارت کےلئے عراق جاتے ہیں۔
ملاقات میں عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے پاکستانی زائرین کےلئے ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی، زائرین کےلئے اربعین کے دوران کوٹہ 50 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو الیکٹرانک ویزا کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے معمولی جرائم اور زائد قیام پر عراقی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو جلد رہائی یقینی بنانے کے لیے وزارت انصاف کو ہدایات دے دیں۔
پاکستان کے وزیرِ داخلہ نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے عراقی وزیرِاعظم کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے اعلامیے کے مطابق عراقی وزیرِ اعظم نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔