صیہونیوں کے خلاف فلسطینی مجاہدین کی نئی کارروائیاں
فلسطینی مجاہدین نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صیہونی فوجیوں اور آباد کاروں کے خلاف پانچ کارروائياں انجام دی ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عربی اکیس ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مجاہدین نے مغربی کنارے میں پانچ کارروائیاں انجام دی ہیں۔ جن میں ایک صہیونی پر گاڑی چڑھانا، صیہونیوں پر چاقو اور پتھروں سے حملہ اور ان کی صفوں میں دھماکہ خیز مواد نصب کرنا شامل ہے۔ فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق صیہونی کابینہ کے سربراہ کی جانب سے استقامت کے مجاہدین کی ٹارگیٹ کلنگ کی دھمکی دیئے جانے کے باوجود مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان جھڑپیں ہوئيں۔
عبری ذرائع نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ تل ابیب کو ایک وحشتناک اور خونریز دن گزارنا پڑا ۔ ان ذرائع نے اس کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے میں مختلف جھڑپوں کے دوران ایک صیہونی فوجی کی ہلاکت اور بارہ کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی شام کو ایک فلسطینی نوجوان نے الخلیل شہر میں ایک صیہونی فوجی پر گاڑی چڑھا کر اسے زخمی کر دیا۔ بدھ کی شام کو ہی چودہ سالہ فلسطینی نے مقبوضہ فلسطین میں واقع الخفیف ریلوے اسٹیشن پر بائیس سالہ انتہا پسند صیہونی پر چاقو سے وار کر کے اسے زخمی کر دیا۔ حملہ آور فلسطینی اس شہادت پسندانہ کارروائي میں خود بھی شہید ہوگيا۔
دوسری جانب صیہونی آبادکاروں نے نابلس میں واقع حضرت یوسفؑ کی زیارت گاہ پر حملہ کیا۔ فلسطینی جوانوں نے جمعرات کی شام صیہونی فوجیوں کی صفوں کے درمیان دھماکہ خیز مواد نصب کر کے چار صیہونی فوجیوں کو زخمی کر دیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے جمعے کے دن عقابا سٹی میں غاصب اسرائيلی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی کی شہادت کی خبر دی ہے۔ صیہونی فوجیوں نے چھتیس سالہ فلسطینی عبدالرحیم غنام کے سر پرگولیاں مار کر اسے شہید کر دیا۔