دشمن کو ہوائی برتری کی اجازت نہیں دیں گے: حزب اللہ
حزب اللہ لبنان کے ایک افسر نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کو ہوائی برتری کی اجازت نہیں دیں گے اور اس کام کےلئے مزاحمت کے پاس زمین سے ہوا میں مار کرنے والے میزائل موجود ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ایسنا کی رپورٹ کے مطابق تکفیری دہشت گردوں کے قبضے سے الجرود کی پہاڑیاں آزاد کرنے کی سالگرہ کے حوالے سے ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں سام 6 اینٹی ائیر میزائل بھی رکھے گئے تھے۔
حزب اللہ لبنان کے ایک کمانڈر حاج حمزہ نے المیادین ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جن میزائلوں کو نمائش کےلئے رکھا گیا ہے، وہ صیہونی حکومت کےلئے ایک پیغام ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمتی فورسز کے پاس اس سے بھی زیادہ جدید ہتھیار موجود ہیں جن کو آج نمائش کےلئے رکھا گیا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے اس کمانڈر نے سام 6 میزائل کے بارے میں کہا کہ یہ ایک موثر ہتھیار ہے اور 1973ء کی شام اور مصر کی صیہونی ریاست کے ساتھ جنگ میں اس میزائل نے 96 جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
حاج حمزہ نے کہا کہ ہم نے سام 6 کو اس لئے نمائش میں رکھا ہے کہ دشمن کو معلوم ہوجائے کہ یہ ہمارے میوزیم میں ہے کیونکہ اب اس میزائل کے پرزے انٹیک ہیں اور ہم ان کی تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھیں گے، ہمارے پاس اس سے جدیدتر ہتھیار ہیں۔
حزب اللہ کے کمانڈر نے کہا کہ بعلبک میں میوزیم کا افتتاح ہوگیا ہے اور یہاں پر صیہونی حکومت سے چھینے ہوئے وہ ہتھیار رکھے ہوئے ہیں جن کی مدد سے وہ لبنانی، فلسطینی عوام کو ڈراتے تھے۔
بعلبک میں ہونے والی نمائش میں فوجی گاڑیاں، ٹینک، بکتر بند گاڑیاں، ڈرون طیارے، جاسوسی طیارے اور میزائل رکھے گئے ہیں اور یہ سب وہ ہتھیار ہیں جو صیہونیوں کے ساتھ جنگوں میں غنیمت کے طور پر مزاحمت کے ہاتھ لگے ہیں۔