غزہ پر صیہونی حکومت کا وحشیانہ حملہ جاری، مجاہدین کے حملوں میں 1200 اسرائیلی ہلاک
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جاری وحشیانہ جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 900 سے زائد ہو گئی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جاری وحشیانہ جارحیت میں شہید ہونے والے 900 سے زائد فلسطینیوں میں 260 بچے اور 230 عورتیں شامل ہیں۔
فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی فوجیوں اور صیہونی آبادکاروں کی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف طوفان الاقصی آپریشن شروع کیا ہے جس میں اب تک 1200 سے زائد صیہونی ہلاک اور 2900 دیگر زخمی ہوچکے ہیں جبکہ فلسطینی مجاہدین نے کافی بڑی تعداد میں غاصب صیہونیوں کو قیدی بنا لیا ہے اور 750 دیگر غاصب صیہونی لاپتہ ہیں۔ ایک صیہونی نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ تقریبا 200 اسرائیلی، حماس کی قید میں ہیں۔
واضح رہے کہ طوفان الاقصی آپریشن شروع ہونے سے فلسطینی مجاہدین نے غاصب صیہونی حکومت کی فوجی و اقتصادی تنصیبات پر پانچ ہزار راکٹ و میزائل برسائے جبکہ فلسطینیوں کے اس جوابی حملے کو ناکام بنانے میں غاصب صیہونی حکومت کا آئرن ڈوم سسٹم بالکل ناکام و ناکارہ ثابت ہوا۔
مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت ایسی حالت میں مزید بڑھتی جا رہی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی عالمی سطح پر وسیع پیمانے میں مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔