اقوام متحدہ کے بیان پر اسرائیل ہوا آگ بگولا
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے غزہ کے بارے میں ایک بیان پر غاصب اسرائیل آگ بگولا ہوگیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگوترش نے غزہ کے سلسلے میں ایک بیان دیا ہے جس پر غاصب اسرائیلی حکومت آگ بگولا ہوگئی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ نے شمالی غزہ پٹی پر اسرائیلی حملے کی دھمکی کے رد عمل میں کہا ہے کہ آپ غلط کام کرنے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے کہا کہ اگر شمالی غزہ پٹی پر آپ حملہ کریں گے تو وہاں عام لوگوں کی زندگی تباہ ہوجائے گی، وہاں پر 11 لاکھ فلسطینی شہری رہتے ہیں۔ انٹونیو گوترش نے مزید کہا کہ شمالی غزہ پٹی پر حملہ ہونے کی صورت میں وہاں اقوام متحدہ کے قائم کئے گئے شیلٹر بھی تباہ ہوجائیں گے جن میں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسرائیل کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شمالی غزہ پر حملہ ہوا تو عام فلسطینی مارے جائیں گے اور یہ کہ جو جنگی قوانین ہیں ان پر عمل کیا جائے۔ سیکریٹری جنرل کے اس بیان پرغاصب اسرائیلی حکومت نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے کہا کہ آپ ہمیں بے عزت کر رہے ہیں، آپ ہم سے نہ کہیں بلکہ حماس پر توجہ دیں۔