غرب اردن کی مسجد پر صیہونی فوج کی بمباری، تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی (ویڈیو)
نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس قاتل حکومت نے مغربی کنارے میں ایک مسجد پر حملہ کر کے مزید تین فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت نے جنین میں مسجد انصار پر حملہ کیا ہے۔ جنین ہسپتال کے سربراہ نے تین فلسطینیوں کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ البتہ انہوں نے زخمیوں کی تعداد کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا ہے۔
طوفان الاقصی آپریشن شروع ہونے کےبعد سے مسجد انصار ستائیسویں ایسی مسجد ہے جسے غاصب صیہونی حکومت نے اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
غزہ کی وزارت اوقاف نے ہفتے کی رات اس بارے میں کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے حملوں میں چھبیس مساجد شہید ہوچکی ہیں۔
صیہونی حکومت نے صرف مساجد کو ہی اپنے حملوں کا نشانہ نہیں بنایا ہے بلکہ وہ ہسپتالوں حتی گرجا گھروں پر بھی حملے کر رہی ہے۔