تل ابیب کے مختلف علاقوں پر استقامتی گروہوں کے جوابی میزائلی حملے
فلسطین کی تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے غزہ پر جاری وحشیانہ صیہونی جارحیت کے جواب میں تل ابیب کے مختلف علاقوں پر میزائل برسائے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تل ابیب کے مختلف علاقوں پر القسام بریگیڈ کے میزائل حملوں کے نتیجے میں ریشون، لتسیون، رمات گان، بیتح تیکفا، بیت داگان، حولون، بنی براک، رمات ہشارون، روش ہاعین کفار بار، یافا اور بہت سے دیگر علاقوں میں خطرے کا سائرن بجنے لگا۔
تل ابیب پر یہ میزائل ایسی حالت میں برسے کہ غاصب صیہونی حکومت کا آئرن ڈوم سسٹم ان میزائلوں کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہا۔
دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے بھی اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت میں ایک لبنانی عورت اور تین بچوں کی شہادت ہونے کے جواب میں صیہونی آبادی کے علاقے کریات شمونا پر دس میزائل فائر کئے گئے۔
صیہونی ذرائع نے بھی رپورٹ دی ہے کہ آئرن ڈوم سسٹم صرف ایک میزائل کو روک سکا جبکہ باقی نو میزائل مختلف علاقوں میں اپنے اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل المیادین ٹی وی نے اعلان کیا تھا کہ عیناتا کے علاقے میں عام شہریوں کی حامل ایک گاڑی پر صیہونی ڈرون حملے میں ایک عورت اور تین بچے شہید ہوگئے۔