Nov ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۸ Asia/Tehran
  • صیہونی میڈیا نے حزب اللہ کی طاقت کا لوہا مان لیا، حزب اللہ کی حکمت عملی سے پردہ اٹھایا

صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب مقبوضہ فلسطین کے شمالی محاذ کا پورا کنٹرول مکمل طور پر حزب اللہ کے ہاتھ میں ہے اور وہاں حزب اللہ کو ایج حاصل ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین کے محاذ پر حزب اللہ کو برتری حاصل ہے اور اسرائیلی فوج مایوسی کا شکار ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو آج ایک بڑے وجودی خطرے کا سامنا ہے۔

صیہونی میڈیا نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں پر حزب اللہ لبنان کے میزائل حملوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ اگر چاہے تو اسرائیل کے اندر تک پہنچنے کی طاقت رکھتا ہے۔

ان ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ آج شمالی محاذ پر حزب اللہ کو مکمل برتری حاصل ہے اور اسرائیلی فوج مایوسی کا شکار ہے اور طویل عرصے سے دفاعی انداز میں ہے۔

صیہونی ٹی وی چینل-12 سے گفتگو میں اسرائیلی بحریہ کے سابق کمانڈر ایغزر مارون چنی نے کہا کہ ہم یہ نہیں سمجھ سکتے کہ حزب اللہ کیا چاہتا ہے اور اس کے منصوبے کیا ہیں، آج ہم شمالی محاذ پر حزب اللہ کی طرف سے جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ بتدریج شدت اختیار کرنے والا تناؤ ہے۔

صیہونی حکومت کے ٹھکانوں کے خلاف حزب اللہ کی راکٹ کارروائیوں میں اضافے پر ردعمل میں عبرانی میڈیا نے کہا کہ غزہ پٹی میں زمینی جنگ کے ساتھ اسرائیل کے شمالی محاذ پر بھی حزب اللہ کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔

ان ذرائع ابلاغ نے مزید کہا کہ حزب اللہ کے حملے اب سرحدی علاقوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ براہ راست شمالی محاذ کی گہرائیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

صیہونی ٹی وی چینل 14 نے خبر دی ہے کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ آہستہ آہستہ اسرائیل کے شمالی محاذ میں حزب اللہ کی کارروائیوں کا دائرہ بڑھا رہے ہیں اور ہم نے گزشتہ ہفتوں کے دوران حزب اللہ سے جو کچھ دیکھا ہے وہ تحریک کی اصل طاقت کا ایک فیصد بھی نہیں تھا۔

صیہونی میڈیا کا اندازہ ہے کہ حزب اللہ کی میزائل طاقت کئی یورپی فوجوں کی مشترکہ طاقت کے برابر ہے اور اس کے پاس ایک لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ میزائلوں کا ذخیرہ ہے۔

ٹیگس