القسام بریگیڈ کے ترجمان: صیہونی فوج کے مقابلے میں استقامت پر زور
حماس کے فوجی بازور عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے سبھی سیکٹروں پر صیہونی دشمن سے جنگ جاری رہنے اور اس کو زبردست نقصان پہنچانے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حماس کے فوجی بازو عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی دشمن سے گھمسان کی جنگ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ استقامتی محاذ کے جوان سخت جنگ میں مصروف ہیں اور انہوں نے سبھی سیکٹروں پر غاصب صیہونی فوج کی بکتربند گاڑیوں کو نشانہ بنایا اور زبرست نقصان پہنچایا ہے۔
اسی سلسلے میں جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی اعلان کیا ہے کہ مارس میں صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں کے اطراف میں اسرائيلی فوجیوں کے جمع ہونے کے مراکز پر راکٹوں اور توپخانوں سے حملے کئے گئے ہیں۔
اس دوران میڈیا ذرائع نے الشفاء اسپتال اور الشاطی کیمپ کے اطراف کے علاقوں پر صیہونی فوج کے سنگین حملوں کی خبردی ہے۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت استقامتی فلسطینی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی میں ناقابل تلافی شکست کا بدلہ بے گناہ فلسطینی عوام سے لے رہی ہے اور اب تک غزہ پر اس کے وحشیانہ حملوں میں گیارہ ہزار سے زیادہ عام فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں جن کی اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔