Nov ۱۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی فوج کی مسلسل بمباری، متعدد فلسطینی شہید اور زخمی

غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ اڑتیسویں روز بھی جاری رہا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ اڑتیسویں روز بھی جاری ہے اور اس نے شمالی غزہ میں واقع الدرج کے علاقے میں ایک فلسطینی کے مکان کو نشانہ بنایا ہے جس میں کئی فلسطینی شہید و زخمی ہو گئے جبکہ بیت لاہیا پر بھی صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری رہا۔ فلسطین کے الاقصی ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ اس وقت بھی الشفا اسپتال کے اطراف میں فلسطینی مجاہدین اور غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے اور صیہونی فوجی اپنی تمام تر جارحیت کے باوجود پیش قدمی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔اسپتال کے ترجمان نے صورت حال کو نہایت بحرانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال کی گنجائش سے زیادہ زخمی فلسطینی موجود ہیں جبکہ دواؤں اور طبی وسائل کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اس ترجمان نے کہا کہ اسپتال اسکوائر پر پانی اور کھانے پینے کی اشیا کی شدید کمی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے جبکہ اسپتال کا جنریٹر بھی ایندھن ختم ہونے کی بنا پر کبھی بند ہو سکتا ہے۔ الاقصی اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اسپتال کے قریب پناہ لینے والے بے گھر فلسطینیوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔

ٹیگس