Nov ۲۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۷ Asia/Tehran

غزہ میں صیہونی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، دو فلسطینیوں کو جو اپنے گھر واپس جانے کی کوشش کررہے تھے، گولی مار کر شہید کردیا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی سما نیوز ایجنسی کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے جنگ بندی شروع ہوجانے کے بعد جنوبی غزہ سے شاہراہ صلاح الدین کے ذریعے، اپنے گھروں کو جانے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس میں کم سے کم دو فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطین کی سما نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سیکڑوں مہاجر فلسطینی غزہ پٹی کے مرکز میں واقع اپنے گھروں کی جانب جا رہے تھے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اسی طرح شاہراہ صلاح الدین کے النور چوراہے پر بھی اپنے گھروں کی طرف جانے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی۔
غزہ میں چار دن کی عبوری جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد صیہونی فوج نے شمالی غزہ سے مہاجرت کرکے جنوبی غزہ جانے والے فلسطینیوں کو خبردار کیا تھا کہ اپنے گھروں کی طرف واپس نہ جائيں۔ ارنا نے المیادین ٹی وی کے حوالے سے بھی رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شاہراہ صلاح الدین کے ذریعے اپنے گھروں کی طرف واپس جانے والے فلسطینیوں پر فائرںگ کے علاوہ توپوں سے گولہ باری بھی کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق فائرنگ کی آوازیں رفح کے مشرق میں واقع کرم ابو سالم نامی علاقے میں بھی سنی گئی ہیں۔ صیہونی حکومت کے میڈیا ذرائع نے بھی رپورٹ دی ہے کہ بہت بڑی تعداد میں فلسطینی مہاجرین نے شاہراہ صلاح الدین کے ذریعے اپنے گھروں کی طرف واپسی کی کوشش کی جنہیں روکنے کےلئے اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی۔

ٹیگس