Nov ۲۵, ۲۰۲۳ ۲۰:۴۷ Asia/Tehran
  • قیدیوں کے دوسرے گروپ کی رہائی میں صیہونیوں کی رخنہ اندازی

اطلاعات کے مطابق صیہونی قیدیوں کے دوسرے گروپ کی آج رہائی ہونی تھی لیکن صیہونیوں کی رخنہ اندازی رہائی میں تاخیر کا سبب بن گئی۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی شاخ القسام بریگیڈ نے آج ہفتے کے روز بتایا کہ اس نے قیدیوں کے دوسرے گروپ کی رہائی کا عمل ملتوی کر دیا ہے کیونکہ صیہونی حکومت طے شدہ معاہدے کے مطابق عمل نہیں کر رہی ہے۔

القسام بریگیڈ نے کہا کہ صہیونی قیدیوں کے دوسرے گروپ کی رہائی کا انحصار تل ابیب کی جانب سے امدادی ٹرکوں کو شمالی غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دینے پر ہے۔

غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت اور تحریک حماس کے درمیان چار روزہ جنگ بندی جمعہ کے روز صبح سات بجے سے نافذ ہوئی ہے۔

جمعے کی شام کو جنگ بندی کے معاہدے کے تحت 13 اسرائیلی قیدیوں کے مقابلے میں 39 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا گیا۔

علاوہ ازیں قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق گزشتہ رات 10 تھائی لینڈی شہریوں اور ایک فلپائنی شہری کو بھی رہا کیا گیا جو قیدیوں میں شامل تھے۔

حماس اور اسرائیلی حکومت کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا دوسرا مرحلہ آج چار روزہ عارضی جنگ بندی کے دوسرے دن ہونا تھا اور فیصلہ کیا گیا کہ دونوں طرف سے مجموعی طور پر 56 قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا لیکن صیہونی حکومت کی رخنہ اندازی کی وجہ سے قیدیوں کا تبادلہ مؤخر ہوگیا ہے۔

 

ٹیگس