Dec ۰۲, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی فوج کی مسلسل بمباری، 178 شہید اور 589 زخمی

غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کی صبح سے اب تک صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں ایک سو اٹھہتر افراد شہید اور چھ سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے جنوبی غزہ میں واقع خان یونس کے علاقے پر اسی طرح رفح اور المغازی پناہ گاہ پر بھی بمباری کی ہے کہ جس کے نتیجے میں دسیوں نہتے فلسطینی شہید و زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب خبری ذرائع نے فلسطینی مزاحمت اور صیہونی فوجیوں کے درمیان غزہ کے علاقوں تل الھوا ، النصر، شاطی کیمپ اور شیخ رضوان میں گھمسان کی لڑائی کی خبر دی ہے۔ تقریبا پچاس دن کے بعد صیہونی حکومت اور حماس کے درمیان قطر کی ثالثی سے چار روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوا اور گذشتہ جمعے سے اس جنگ بندی کا آغاز ہوا پھر اس میں دو مرتبہ، دو روزہ اور ایک روزہ جنگ بندی کی مدت کو بڑھایا گيااس معاہدے کا اہم موضوع،  قیدیوں کا تبادلہ اور غزہ میں انسانی امداد کو پہنچانا تھا۔ سات دنوں کے بعد جنگ بندی کی مدت ختم ہوگئی اور جارح صیہونی فوجیوں نے کل جمعے سے ایک مرتبہ پھر غزہ پر بمباری کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک حماس نے صیہونی اسیر خواتین کی رہائی کے منصوبے کی بنیاد پر اپنے فرائض کی پاسداری نہیں کی ہے اور مقبوضہ علاقوں پر راکٹ داغے ہيں۔ یہ دعویٰ ایسے میں کیا گيا ہے کہ حماس نے نہ صرف معاہدے کے مطابق صہیونی اسیر خواتین کو رہا کیا بلکہ رہائی پانے والے قیدیوں نے بھی اسیری کے دوران حماس کے مجاہدین کے ساتھ کئے گئے سلوک کی تعریف کی ہے۔

ٹیگس