Dec ۰۳, ۲۰۲۳ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • اسرائیل اور امریکہ کی گیدڑبھپکیوں سے نہیں ڈرتے، حزب اللہ لبنان

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ہم غاصب اسرائیل اور امریکہ کی گیدڑ بھپکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے لبنان کی استقامتی تحریک کی طرف سے فلسطین کی مکمل حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم غاصب اسرائیلی اور امریکی حکومتوں کی گیدڑ بھپکیوں سے کبھی نه ڈرے ہیں اور نہ ڈریں گے۔

النشرہ نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ استقامت مستحکم رہے گی اور جاری رہے گی نیز اس نے اس کام کے لیے خود کو تیار کر لیا ہے۔ استقامت کی طاقت کا ذریعہ فلسطینی قوم کا اپنی سرزمین پر حکمرانی کا حق، استقامت کی حمایت اور آخری سانس تک لڑنے کا عزم و ارادہ ہے۔

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ صیہونی دشمن پچاس دن میں اپنے کسی بھی ہدف کو حاصل نہیں کر سکا اور قیدیوں کی رہائی بھی میدان جنگ میں نہیں ہوئی بلکہ تبادلے کے دوران کی گئی ہے۔

شیخ نعیم قاسم نے استقامت کی مکمل تیاری اور غزہ کی جنگ میں صیہونی حکومت کے ہاتھ کچھ نہ لگنے کے بارے میں کہا کہ یہ جنگ بے سود ہے اور اس کے نتائج صیہونی حکومت کے دامن کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔

شیخ قاسم نے واضح کیا کہ فلسطینی قوم اس جنگ سے پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہو کر نکلے گی لیکن اسرائیل مزید کمزور اور بے بس ہوجائے گا۔

 

ٹیگس