بحیرۂ احمر میں اسرائیلی جہازوں کی آمد و رفت پر یمن نے پابندی لگا دی
یمن کی قومی نجات حکومت کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ بحیرۂ احمر میں خلیج عقبہ سے باب المندب تک غاصب اسرائیلی حکومت کے جہازوں کی آمد و رفت ممنوع ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ویب سائٹ کے مطابق، یمن کی قومی نجات حکومت کے وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے علاوہ، ہم دنیا کے تمام ممالک کو یقین دلاتے ہیں کہ بحیرۂ احمر تجارت اور جہاز رانی کے لئے ایک محفوظ علاقہ ہے۔
ادھر یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع شہر "ایلات "کے علاقے"ام الرشراش" میں صیہونی حکومت کے فوجی اہداف پر متعدد بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم غاصب اسرائیل کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
ناصر العاطفی نے کہا کہ مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں بحیرۂ عرب اور احمر میں اسرائیلی جہازوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے فیصلے پر عمل کرتے رہیں گے جب تک کہ غزہ میں ہمارے بھائیوں کے خلاف جارحیت جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج نے پہلے کہا تھا کہ وہ غزہ کی پٹی میں قدس کی غاصب حکومت کی فوجی کارروائی کے جواب میں اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔