غاصب فوج کی بربریت: فلسطینی شہدا کی تعداد 17400، زخمیوں کو ہسپتال لے جانے پر اسرائیل کی پابندی
غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ کی پٹی پر غاصب اسرائیلی فوج کی بربریت میں فلسطینی شہدا کی تعداد 17,400 سے تجاوز کر گئی ہے اور 46,000 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فارس نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے آج شام (جمعہ) کو بتایا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملوں کے آغاز سے اب تک فلسطینی شہدا کی تعداد 17,487 ہو گئی ہے اور 46,000 سے زیادہ فلسطینی اس درمیان زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں میں 313 شہدا اور 558 زخمیوں کو غزہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے اور ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود شہدا کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
اشرف القدرہ نے بتایا کہ فلسطینی شہدا میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں اور غاصب اسرائیلی فوج اسکولوں اور رہائشی علاقوں پر بھی حملے کرتی ہے نیز فلسطینی خاندانوں کے افراد کو گروپ کی شکل میں شہید کرتی ہے۔
اشرف القدرہ نے مزید کہا کہ غاصب صیہونی ایمبولینسوں کو ان علاقوں میں داخل ہونے سے روکتے ہیں جہاں ان کے فوجی دستے تعینات ہیں اور امدادی دستوں کو زخمیوں کو ہسپتال لے جانے کی اجازت نہیں دیتے لہٰذا خون بہتے بہتے زخمیوں کی موت ہوجاتی ہے۔