تل ابیب پر القسام بریگيڈ کے راکٹوں اور میزائلوں کی بارش
جمعے کی شام غزہ کے غیر فوجیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جنگی جرائم کے جواب میں فلسطین کے استقامتی محاذ نے تل ابیب پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حماس کے فوجی بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے جمعے کی رات تل ابیب پر راکٹوں کی بارش کردی۔ اس رپورٹ کے مطابق راکٹی حملوں کے بعد تل ابیب اور گوش دان نامی علاقے میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔ القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ کے عام شہریوں، عورتوں اور بچوں کے خلاف صیہونی فوج کے جنگی جرائم کے جواب میں تل ابیب اور غزہ کے قریب واقع غیر قانونی صیہونی کالونیوں پر راکٹ برسائے ہیں۔ میڈیا ذرائع نے تل ابیب کے مختلف علاقوں پر راکٹوں کے گرنے کی خبر دی ہے۔ اس دوران جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی مقبوضہ فلسطین کے کرم ابوسالم نامی علاقے میں صیہونی حکومت کے آمیتای فوجی اڈے پر مارٹر گولے داغے ہیں۔ باخبر ذرائع نے ان حملوں کے نتیجے میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی خبر دی ہے۔