حزب اللہ کا صیہونی فوجی ٹھکانوں پر گائيڈڈ میزائلوں سے حملہ، متعدد صیہونی فوجی ہلاک و زخمی
حزب اللہ لبنان نے میزائل سے صیہونی فوجیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ اس نے المطلہ ٹاؤن پر صیہونی فوجیوں کے ٹھکانے پر گائيڈڈ میزائل سے حملہ کیا ہے جس میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
اسی سلسلے میں صیہونی میڈیا نے بھی رپورٹ میں کہا ہے کہ تین اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل المطلہ علاقے پر داغے گئے ہيں کہ جس کے نتیجےمیں ایک گھر میں آگ لگ گئی۔ صیہونی میڈیا نے بھی جنوبی لبنان سے مقبوضہ فلسطین کے المنارہ ٹاؤن پر پانچ میزائل داغے جانے کی خبر دی ہے -
اسی طرح حزب اللہ لبنان نے صیہونی حکومت کے الراھب اور برانیت فوجی مراکز کو نشانہ بنایا ہے- حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ برانیت فوجی چھاؤنی کو توپخانے سے نشانہ بنایا ہے- اسی کے ساتھ ہی صیہونی میڈیا معاریو نے فوجی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے فضائی حملے میں حزب اللہ لبنان کے ایک فوجی مرکز کو نشانہ بنایا ہے-
صیہونی حکومت کے توپخانے نے جنوبی لبنان کے یارون اور محیبیب ٹاؤن کے اطراف پر بھی گولہ باری کی ہے- لبنانی ذرائع نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے الطیبہ پر صیہونی فوج کے حملے میں ایک اسی سالہ شخص شہید ہوگيا - حزب اللہ لبنان نے اس سے قبل بھی ایک مختصر بیان میں کہا تھا کہ اس کی فوج نے برانیت فوجی اڈے پر توپخانے سے حملہ کیا ہے جس میں غاصب فوجیوں کو براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔