Dec ۱۳, ۲۰۲۳ ۲۱:۱۳ Asia/Tehran
  • غاصب اسرائيلی فوج نے معذور پناہ گزینوں پر بھی بمباری کردی

غاصب اسرائیلی فوج نے اپنے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ میں معذور فلسطینی پناہ گزینوں پر بھی بمباری کی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کے وسط میں النصیرات کیمپ کے مغرب میں معذور فلسطینی پناہ گزینوں پر صیہونی حکومت کی بربریت میں 2 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

صیہونی حکومت نے غزہ شہر کے مشرق میں اقوام متحدہ کے ادارے "انروا" سے وابستہ "الدرج" اسکول پر بھی بمباری کی ہے جس میں فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید ہوگئی۔

ادھر غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر خان یونس میں ایک مکان پر صیہونی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ خان یونس کے پناہ گزینوں کے ایک مرکز میں صہیونی فوج کے ڈرون طیارے کی جانب سے چلائی گئی گولی ایک فلسطینی بچی کے سر پر لگی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئی۔

خان یونس کے مشرق میں واقع الفخاری علاقے میں 2 مکانات پر بھی صیہونی حکومت کی فوج نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت کئی فلسطینی شہید اور متعدد دیگر فلسطینی زخمی ہوگئے۔

صیہونی حکومت کے توپ خانے نے غزہ  پٹی کے وسطی علاقے کے سواحل، خان یونس شہر اور جبالیہ علاقے کے ساتھ ساتھ دیرالبلاح کے علاقے  پر بھی گولہ باری کی۔

علاوہ ازیں غزہ پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس کے مشرق میں ایک یورپی اسپتال کے آس پاس کے علاقوں پر بھی غاصب صیہونی فوج نے بمباری کی۔

ٹیگس