غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے، 12 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی
غزہ میں صیہونی جنگی طیاروں نے ایک اور اسکول پر بمباری کردی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں داخلی پناہ گزینوں کے مرکز میں ایک اسکول پر صیہونی جنگی طیاروں کی بمباری میں آخری اطلاع ملنے تک بارہ افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔ اس بمباری میں درجنوں فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ غزہ کے شہر رفح کے برازیل نامی محلے میں بھی صیہونی جنگی طیاروں نے ایک رہائشی مکان پر بمباری کی ہے۔ آخری اطلاع ملنے تک مکان کے ملبے سے چار شہیدوں کی لاشیں نکالی جاچکی تھیں اور پندرہ افراد کی تلاش جاری تھی۔ غاصب صیہونی حکومت کے توپخانے نے بھی شمالی غزہ کے جبالیا علاقے پر گولہ باری کی ہے۔ شہر غزہ کے الشجاعیہ، التفاح اور الدرج نامی علاقوں پر گذشتہ رات سے ہی شدید گولہ باری جاری رہنے کی خبر ہے۔ اسی کے ساتھ شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون میں فلسطینی مجاہدین اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید لڑائی کی بھی خبر ہے۔ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے اٹھارہ ہزار سات سو اٹھہتر فلسطینی صیہونی حملوں میں شہید اور پچاس ہزار آٹھ سو ستانوے زخمی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا: اب تک طبی عملے کے بھی تین سو لوگ صیہونی حملے میں شہید ہوچکے ہيں۔