غاصب فوجیوں نے فلسطین کی وزارت صحت کی پریس کانفرنس پر بھی حملہ کردیا
غاصب اسرائیلی فوجیوں نے اپنی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کی پریس کانفرنس پر بھی فائرنگ کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: قدس نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق آج اتوار کو غاصب اسرائیلی فوجیوں نے غزہ پٹی کی وزارت صحت کی پریس کانفرنس کے دوران اس وزارت کے عہدہ داروں پر فائرنگ کردی۔ فلسطین کی وزارت صحت کے عہدہ دار غزہ کی پٹی میں کمال عدوان ہسپتال کے احاطے میں صحت اور طبی صورت حال کے بارے میں بتا رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز غاصب اسرائیلی فوجیوں نے اپنی بربریت جاری رکھتے ہوئے اور تمام بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے منشور کی خلاف ورزی کے اقدام میں غزہ میں واقع کمال عدوان ہسپتال میں پناہ گزینوں کے خیموں پر بلڈوزروں سے حملہ کردیا تھا۔
اس وحشیانہ حملے میں غاصب اسرائیلی فوجیوں نے درجنوں بے گھر اور زخمی فلسطینیوں کو زندہ دفن کردیا تھا۔