اسرائیلی جنگی قیدیوں کا پیغام (ویڈیو)
القسام بریگیڈ نے غزہ میں اسرائیلی جنگی قیدیوں کا پیغام نیتن یاہو کی حکومت اور قیدیوں کے لواحقین کے لئے نشر کردیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اسرائیلی جنگی قیدیوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "ہمیں اپنی ہی فوج کے فضائی حملوں کی بھینٹ نہ چڑھنے دو"۔ نشر کی جانے والی ویڈیو میں ایک اسرائیلی جنگی قیدی نے کہا ہے کہ وہ اناسی برس کا ہے اور کیبوتس صیہونی کالونی کا رہنے والا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ وہ چند دیگر سن رسیدہ افراد کے ہمراہ غزہ میں ہے اور وہ نیز اس کے سبھی ساتھی پرانی بیماری میں مبتلا ہیں۔ ایک اور اسرائیلی جنگی قیدی کہتا ہے کہ "ہم اسرائیل اور اس کی فوج کے بانیوں میں سے ہیں۔ ہمیں ہر قیمت پر آزاد کراؤ، ہمیں اپنی ہی ایئر فورس کے حملوں میں نہ مرنے دو"۔ القسام بریگیڈ کی جانب سے اسرائیلی جںگی قیدیوں کا پیغام جاری کئے جانے کے بعد صیہونی فوج نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
صیہونی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ جاری رہے گی اور ہم اسرائیلی جنگی قیدیوں کو آزاد کرائيں گے۔ صیہونی ٹی وی چینل بارہ نے اسرائیلی جںگی قیدیوں کے ویڈیو پیغام پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حماس نے اسرائیل کے خلاف نفسیاتی جنگ شروع کردی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے آزاد ہونے والے اسرائیلی جںگی قیدیوں نے کہا ہے کہ قید کے دوران ان کے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی گئي بلکہ ان کا ہر طرح سے خیال رکھا گیا ہے۔