خان یونس اور رفح شہروں پر صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں کا حملہ
صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے خان یونس اور رفح شہروں کے رہائشی مکانات پر شدید بمباری کی ہے جبکہ خان یونس میں زمینی جنگ کے دوران فلسطینی مجاہدین نے صیہونی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: مغربی خان یونس میں ایک رہائشی مکان پر صیہونی فوجیوں کی بمباری میں کئی بے گناہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہيں جنہیں ناصر میڈیکل کمپلیکس میں منتقل کردیا گیا ہے۔ شمالی غزہ پٹی میں واقع مشرقی جبالیا میں رہائشی مکانات کو بھی صیہونی حکومت کے جنگی طیارے اپنے جارحانہ حملوں کا نشانہ بنا رہے ہيں۔
درایں اثنا صیہونی حکومت کی جارح فوج نے سینسر شدہ اعداد و شمار شائع کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اس کی ریزرو فورس کا ایک افسر جنوبی غزہ میں ہلاک ہوگيا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج نے غزہ پٹی میں ایک صیہونی کے سخت زخمی ہونے کی خبردی ہے۔ صیہونی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ دو صیہونی فوجی الجلیل میں لبنانی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوئے ہیں۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے بدھ کو غرب اردن کے مختلف علاقوں میں حملے کئے ہیں اور ساتھ ہی فلسطینیوں کے رہائشی مکانات پر یلغار کر کے ان پر فائرنگ بھی کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے شہر الخلیل کے ایک علاقے اور شہر نابلس کے مشرق میں واقع بیت فوریک علاقے پر بھی حملے کئے ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے شمالی مقبوضہ بیت المقدس کے کفرعقب علاقے پر حملہ کر کے فلسطینی نوجوان حسام غیث کو گرفتار کر لیا ہے۔
دوسری طرف غرب اردن میں فلسطینی استقامتی فورسس نے بھی شمالی بیت لحم کے عائد کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے درمیان گرینڈ سے صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ اسی طرح مشرقی نابلس کے بلاطہ کیمپ اور طمون میں واقع المشاش علاقے میں فریقین کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔