Dec ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۲:۳۰ Asia/Tehran
  • 3 ہزار اسرائیلی فوجی چلنے پھرنے سے معذور ہوگئے

جنگ غزہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک غاصب اسرائیلی حکومت کے کم از کم 3 ہزار زخمی فوجی چلنے پھرنے سے معذور ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنگ غزہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک جو غاصب اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں ان میں سے کم از کم 3 ہزار فوجی معذور ہوگئے ہیں۔

فلسطین کے استقامتی مجاہدین نے گذشتہ 7 اکتوبر کو تل ابیب کے خلاف اچانک طوفان الاقصیٰ نامی آپریشن شروع کیا تھا جس میں غاصب اسرائیل کے اہم مقامات کو نشانہ بنایا تھا۔ اس اچانک حملے میں غاصب اسرائیل کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کے بعد اسرائیلی فوج نے اپنی شرمناک شکست کا بدلہ لینے اور بزعم خود فلسطینی مجاہدین کی کارروائیوں کو روکنے کے لئے غزہ پٹی پر تابڑ توڑ حملے شروع کئے جو ابھی تک جاری ہیں۔ غاصب فوجیوں نے غزہ پٹی میں واقع گزرگاہوں، خاص طور سے، مسجدوں اور طبی مراکز کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

النشرہ نیوز ویب سائٹ کے مطابق اب غاصب اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز سے اب تک اس کے 5 ہزار زخمی فوجی مختلف صیہونی ہسپتالوں میں داخل ہوچکے ہیں۔ ہسپتالوں میں داخل زخمی اسرائیلی فوجیوں میں سے کم سے کم 3 ہزار فوجیوں کے معذور ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔  

خبری ذرائع کے مطابق جنگ غزہ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار سے زیادہ اسرائیلی فوجی زخمی ہوچکے ہیں۔ زخمی فوجیوں میں سے 131 فوجی علاج کے دوران ہلاک ہوگئے جبکہ 471 صیہونی فوجی بہت نازک حالت میں ہیں۔

 

ٹیگس