غاصب اسرائیلی فوج کے خلاف حزب اللہ کی 6 کارروائیاں
لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں 6 کارروائیاں انجام دی ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ملت فلسطین کی حمایت میں اپنی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں غاصب فوج کے خلاف 6 کارروائیاں انجام دی ہیں۔
قدس کی غاصب حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ لبنان سے ڈرون طیاروں کی پرواز کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
دوسری جانب غاصب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے حیفا کے آسمان میں لبنان سے آنے والے مشکوک ڈرون سے مقابلے کے لیے فضائی دفاعی کارروائی کی خبر دی ہے۔
دریں اثنا ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے غزہ کے مظلوم عوام اور فلسطینی مزاحمت کی حمایت میں 6 کارروائیاں انجام دینے کی خبر دی ہے وہیں غاصب صیہونی حکومت نے بھی لبنان سے مقبوضہ فلسطین کی طرف سو میزائل داغے جانے اور دس ڈرون طیارے چھوڑے جانے کی اطلاع دی ہے۔
مزاحمتی فورسز نے ہونین بیس میں دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور دوپہر کے بعد میتات بیس کے اطراف میں بھی دشمن کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دشمن کو جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے لبنان کے مقبوضہ گاؤں نبی یوشع کے راموت نفتالی فوجی اڈے پر بھی حملہ کرکے غاصب حکومت کی ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا اور تباہ کر دیا۔
7 اکتوبر 2023 کو فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے کئی سال سے جاری غاصب اسرائیلی حکومت کے جرائم کے جواب میں غزہ کی پٹی سے غاصب حکومت کے خلاف "طوفان الاقصیٰ" نامی اچانک اور حیرت انگیز آپریشن شروع کیا۔ فلسطینی اور لبنانی مزاحمتی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کی نابودی تک صیہونیوں کے خلاف اپنی لڑائی سے دست بردار نہیں ہوں گی۔