Jan ۰۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran
  • سیدحسن نصراللہ کا جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے خطاب، کرمان میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے شہید راہ قدس جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے اپنے خطاب میں ایران کے شہر کرمان میں دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے سربراہ سیدحسن نصراللہ نے بدھ کی رات سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی برسی کی مناسبت سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آج کرمان میں مزار شہید قاسم سلیمانی کے بہت سے زائرین اپنے سردار کے راستے پر چلتے ہوئے درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے شہدائے کرمان کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے، اس دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں کو سخت انتباہ دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شہید جنرل قاسم کی خصوصیات بیان کیں اور حال ہی میں شام میں صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے میں سردار محاذ استقامت شہید قاسم سلیمانی کے قریبی ساتھی سید رضی موسوی کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کی شہادت کی تعزیت بھی پیش کی۔
سید حسن نصراللہ نے اپنے خطاب میں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ صالح العاروری اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی تعزیت بھی پیش کی اور شہدائے غزہ و غرب اردن، شہدائے لبنان و یمن اور اسی طرح شہدائے شام کو بھی یاد کیا۔ حزب اللہ کے سربراہ نے اپنے خطاب میں غزہ اور غرب اردن کے عوام کی استقامت اور ان کی حمایت میں یمنی فوج کی مجاہدت کو خراج تحسین پیش کیا۔

ٹیگس