جنوبی لبنان: صیہونی فوجی مراکز پر32 میزائل فائر، جاسوسی کے مرکز پر ڈرون حملہ
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے خلاف جنوبی لبنان سے یکے بعد دیگرے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: پریس ذرائع نے جنوبی لبنان سے شمالی مقبوضہ فلسطین میں الجلیل العلیا کے علاقے میں صیہونی فوجی مراکز پر بتیس میزائل فائر کئے جانے کی خبر دی ہے۔
شمالی مقبوضہ فلسطین میں الجلیل العلیا کے علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کے اہم جاسوسی کے مرکز پر ڈرون حملہ کئے جانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ڈرون اور میزائل حملوں سے خائف ہو کر الجلیل العلیا کے مختلف علاقوں میں خطرے کا سائرن بھی بجایا گيا۔
لبنان سے ملنے والے مقبوضہ فلسطین کے ایک علاقے میں صیہونی فوجی مراکز پر چھے کورنیت میزائل فائر کئے گئے جبکہ مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں واقع صیہونی فوجی اڈوں پر بھی میزائل فائر کئے گئے۔
میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کا انٹیلیجنس کا مرکز بھی حزب اللہ کے میزائل کا نشانہ بنا ہے۔ صیہونی ذرائع نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں میرون کے علاقے میں ایک اہم فوجی مرکز پر میزائل حملہ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ صیہونی ذرائع نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان نے جبل میرون میں صیہونی جاسوسی کے مرکز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔