فلسطینی مجاہدین نے 22 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا
عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے غزہ میں 22 صہیونی فوجیوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فارس خبررساں ایجنسی کے مطابق فلسطین کی استقامتی تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین نے منگل کی شام غزہ میں غاصب اسرائیلی حکومت کے 22 فوجیوں کو ہلاک کردیا۔
ابوعبیدہ نے کہا کہ القسام بریگیڈ نے گزشتہ ہفتے کے دوران 42 اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کیا اور 52 فوجی کارروائیاں انجام دیں، ان کارروائیوں میں ہمارے مجاہدین نے صیہونی فوج پر مارٹر گولوں اور مشین گنوں سے نشانہ بنایا۔ منگل کی شام کو ہی القسام بریگیڈ نے غزہ شہر کے علاقے "الزیتون" میں صہیونی فوجیوں کے ایک گروپ کو مشین گنوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔ فلسطینیوں کے حملے میں زخمی ہونے والے غاصب فوجیوں کو بچانے کے لیے ایک صہیونی گاڑی بھی لڑائی کے مقام پر پہنچی لیکن وہ بھی مجاہدین کے حملے کا نشانہ بنی۔
ابو عبیدہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غزہ کی پٹی میں القسام بریگیڈ نے ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر پر میزائل حملہ کیا کہا کہ ہماری فورس نے دو اسرائیلی ڈرون طیاروں کو بھی مار گرایا۔
انہوں نے کہا کہ مزاحمتی فورس نے مارٹر اور کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے غاصب اسرائیلی حکومت کے فیلڈ آپریشن مراکز کو نشانہ بنایا ہے اور تل ابیب اور اس کے آس پاس کے علاقوں پر بھی وسیع راکٹ حملے کئے ہیں۔