اسرائیلی فوجیوں کی گھناؤنی حرکت، غزہ میں فلسطینی شہیدوں کی قبریں کھودنے لگے
اطلاعات کے مطابق غزہ پٹی میں غاصب اسرائیلی فوجیوں نے کچھ قبروں کو کھودا ہے یہ پتہ لگانے کے لئے کہ کہیں ان میں صیہونی قیدی تو دفن نہیں ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: ذرائع ابلاغ میں جو خبریں آئی ہیں ان کے مطابق غاصب اسرائیلی فوج کے سابق ترجمان جوناتھن کانریکس Jonathan Conricus نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے غزہ میں کچھ قبریں کھود کر یہ یقین حاصل کرنے کی کوشش کی ہے کہ ان قبروں میں صیہونی قیدیوں کو تو دفن نہیں کردیا ہے؟
سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے غاصب اسرائیلی فوج کے سابق ترجمان جوناتھن کانریکس نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں اب بھی 136 اسرائیلی قیدی ہیں اور غالباً ان میں سے آدھے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے سابق ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں واقع شفا ہسپتال کے مردہ گھر بھی گئی تھی اور وہاں سے اس نے نمونے لے کر ڈی این اے ٹیسٹ کیا تھا کیونکہ ایسی اطلاعات ملی تھیں کہ تحریک حماس نے صیہونی قیدیوں کو اسی ہسپتال میں رکھا ہے۔