Feb ۲۵, ۲۰۲۴ ۲۰:۴۶ Asia/Tehran
  • غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پراسرائیلی نسل کش حکومت کی فوج کے حملے جاری، متعدد فلسطینی شہید

غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں نسل کشی کرنے والی اسرائیلی فوج کے فضائی اور توپ خانے کے حملوں میں متعدد فلسطینی شہید ہو گئے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: قدس نیوز چینل کے مطابق اتوار کے روز غزہ شہر کے علاقے الزیتون میں ایک گھر پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے میں 10 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس کے مشرق میں بھی صیہونی حکومت کے ہیلی کاپٹروں کے حملے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے۔

دریں اثنا فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اپنی وحشیانہ جارحیت میں 86 فلسطینی شہریوں کو شہید اور 131 کو زخمی کردیا۔

ادھر الجزیرہ ٹی وی چینل نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر رفح کے وسط میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے کی خبر دی ہے جس میں 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔ الجزیرہ چینل نے اس خبر کا ویڈیو بھی جاری کیا ہے۔

اس ٹی وی چینل نے غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاحیا کے علاقے الشیما میں ایک مکان پر صیہونی حکومت کے میزائل حملے کا بھی ویڈیو نشر کیا ہے۔ اس میزائل حملے کے نتیجے میں مکان میں شدید آگ لگ گئی اور متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔

اس رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں شہدا کی تعداد 29 ہزار 692 اور زخمیوں کی تعداد 69 ہزار 879 ہو گئی ہے۔

 

ٹیگس