الشفا ہسپتال کو خالی کرو: اسرائیل کی وارننگ، ہسپتال کے طبی عملے کے ساتھ رابطہ منقطع
فلسطینی میڈیا نے مسلسل کئی دنوں سے شفا اسپتال کا محاصرہ جاری رہنے کی خبر دی ہے، صیہونی حکومت کی فوج ، شفا اسپتال کے اندر بھی فلسطینی پناہ گزینوں کے خلاف اپنی پرتشدد کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوج گذشتہ چار دن سے شفا اسپتال کا محاصرہ کئے ہوئے ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی حکومت نے آج صبح فلسطینیوں کو اس اسپتال کو پوری طرح خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔ شفا اسپتال کے اندر موجود فلسطینیوں نے اپنی جان بچانے کے لئے عالمی ریڈ کراس اور بین الاقوامی اداروں سے فورا مداخلت اور مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
فلسطینی ذرائع نے غزہ کے شفا اسپتال کے اندر زیرمحاصرہ عورتوں اور بچوں کے ویڈیو جاری کئے ہیں۔
غاصب فوجیوں نے الشفا اسپتال میں موجود افراد کو وارننگ بھی دی ہے کہ وہ فورا اس اسپتال کو خالی کردیں۔ خبر رساں ذرائع نے غزہ شہر کے الشفا ہسپتال کے طبی عملے کے ساتھ مکمل طور پر رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع دی ہے۔
غاصب فوجیوں کی الشفا اسپتال پر جاری جارحیت میں اب تک 140 افراد شہید ہوئے ہیں۔