Mar ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • الشفا اسپتال سے تحریک استقامت کے رہنماؤں کی گرفتاری کی خبر من گھڑت ہے: حماس

فلسطین کی تحریک حماس نے غاصب صیہونی حکومت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ اس نے الشفا اسپتال سے تحریک استقامت کے درجنوں رہنماؤں کو گرفتار کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: تحریک حماس کے رہنما نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے اپنے دعوے کے سلسلے میں جو تصاویر نشر کی جا رہی ہیں وہ جھوٹی اور غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو تصاویر دکھائی جا رہی ہیں وہ غزہ سے باہر کی ہیں اور بعض تصاویر فلسطینی شہدا کی ہیں ۔

حماس کے رہنما نے کہا کہ تین تصاویر ایسے فلسطینی ڈاکٹروں کی ہیں جنھیں اس سے قبل صیہونی حکومت نے رہا کیا تھا۔ دریں اثنا فلسطین کی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ صیہونی فوج اخلاق و انسانیت سے عاری ہے۔ حماس کے اس رہنما نے کہا کہ صیہونی فوج کے ہاتھوں فلسطینی عام شہریوں کا دانستہ قتل عام ایک وحشیانہ جنگی جرم ہے۔ انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کا وحشیانہ جرم اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ یہ غاصب صیہونی حکومت، تمام قوانین کو پیروں تلے روندتے ہوئے انسانیت کا گلا گھونٹ رہی ہے اور اسے اس قسم کے جرم کے ارتکاب پر بین الاقوامی عدالت انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جانا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ صیہونی جرائم میں امریکہ برابر کا شریک ہے کیوں کہ امریکی فراہم کردہ ہتھیاروں سے ہی صیہونی فوج فلسطینی عام شہریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ اور اسی بنیاد پر امریکہ اور بائیڈن انتظامیہ کو فلسطینیوں کی نسل کشی کا جواب دہ ہونا چاہئے۔

ٹیگس