غزہ کے بعد رفح اور خان یونس پر بھی اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری
غزہ کے بعد رفح اور خان یونس کے کئی علاقوں پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی ہے ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی سما نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے البرہمہ کے علاقے خربہ العداس میں ایک رہائشی عمارت اور رفح میں الکویتی اسپتال کے قریب کئی اور اہداف کو نشانہ بنایا۔ غاصب صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے خان یونس کے کئی علاقوں پر بمباری بھی کی۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے توپ خانے نے المغازی کیمپ اور غزہ کے مرکزی علاقے دیرالبلح کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔ اس درمیان خوراک کی عالمی تنظیم کی سربراہ سینڈی مک کین نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بچوں کو بھوک مری کا سامنا ہے۔ انھوں نے سی این این سے گفتگو میں کہا کہ اس وقت جو ہماری گفتگو ہو رہی ہے تو غزہ کے بہت سے بچے اس وقت بھی بھوک مری کا سامنا کرتے ہوئے دم توڑ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ غزہ میں انسان دوستانہ امداد بھیجنے کے لئے نئی گذرگاہ کھولے جانے کی ضرورت ہے مگر تھوڑی بہت امداد سے وہاں کی ضروریات کو پورا نہیں کیا جا سکے گا اور زیادہ سے زیادہ انسان دوستانہ امداد فراہم کئے جانے کی ضرورت ہو گی۔