May ۰۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرے

دنیا بھر میں فلسطینی عوام بالخصوص اہل غزہ کی حمایت میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: گزشتہ روز فلسطین کی حمایت اور ناجائز صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں سب سے بڑا مظاہرہ یمن میں ہوا جہاں دسیوں لاکھ یمنی شہریوں نے دارالحکومت صنعا سمیت ملک کے مختلف شہروں سڑکوں پر نکلے اور انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں جاری نسل کشی کی شدید مذمت کی۔
یمنی عوام گزشتہ روز یمن کی حریت پسند غزہ کے ساتھ وفاداری کے نعرے کے ساتھ مظاہرے میں شریک ہوئے۔ مظاہروں کا یہ عظیم سلسلہ ملک کے پندرہ صوبوں میں ایک سو اسی مقامات پر جاری رہا جہاں یمنی عوام اپنے قومی پرچم کے ساتھ ساتھ فلسطینی پرچم بھی اٹھائے ہوئے تھے۔
انہوں نے دنیا بالخصوص علاقے میں امریکہ کی سامراجی سازشوں کی شدید مذمت کی اور واضح کیا غزہ میں جب تک امریکی حمایت کے ساتھ صیہونیوں کے جرائم جاری رہیں گے ان کے مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے اپنے قومی قائد اور یمنی حکومت کے نگران اعلیٰ سید عبد الملک بدر الدین الحوثی کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے امریکہ برطانیہ اور صیہونی حکومت کے جارح ٹرائیکا کے خلاف اپنے ملک کے چوتھے مرحلے کی آپریشن کے آغاز کی بھرپور حمایت کی۔
یمن کے علاوہ ایران اور امریکہ و یورپ کے مختلف شہروں میں بھی فلسطین کی حمایت میں لوگ سڑکوں پر نکلے۔ آسٹریلیا کے مختلف شہروں سے بھی فلسطین بالخصوص غزہ کی حمایت میں مظاہروں کی خبریں ہیں۔ مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی، نسل کشی کے خاتمے اور انسانی امداد کی فوری اور مسلسل ترسیل کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس