امریکہ کے بعد یمن نے برطانیہ کو سکھایا سبق، اسرائیل کے بھی دو جہاز بنے نشانہ
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بحیرۂ احمر میں ایک برطانوی ڈسٹرائر اور صیہونی نسل کش حکومت سے متعلق دو جہازوں پر حملے کی خبر دی ہے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ملک کی مسلح افواج کے میزائل یونٹ نے بحیرہ احمر میں برطانوی ڈسٹرائر ڈائمنڈ کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ بریگیڈیئر یحیی سریع نے مزید کہا کہ یمنی بحریہ اور فضائیہ نے دو کارروائیوں میں غاصب صیہونی حکومت سے تعلق رکھنے والے نورڈرنی اور ایم ایس سی طویشی جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں ، پہلے والے جہاز میں آگ لگ گئی اور پھر دوسرے جہاز کو بھی براہ راست نشانہ بنایا گیا-
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے مزید کہا کہ نشانہ بنائے گئے بحری جہازوں نے مقبوضہ علاقوں کی بندرگاہوں کی طرف نقل و حرکت پر پابندی کے حکم کی خلاف ورزی کی اور اسی وجہ سے انہیں یمنی مسلح افواج نے نشانہ بنایا۔
گذشتہ مہینوں میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی قوم کی مزاحمت کی حمایت میں یمنی فوج نے بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں مقبوضہ علاقوں کی طرف جانے والے متعدد امریکی، برطانوی اور صہیونی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یمنی فوج نے عہد کیا ہے کہ جب تک غاصب صیہونی حکومت غزہ کی پٹی پر اپنے حملے بند نہیں کرتی، مجرم صیہونی حکومت کے بحری جہازوں یا بحیرہ احمر میں مقبوضہ علاقوں کے لیے جانے والے سبھی بحری جہازوں کو نشانہ بنائے گی۔