یمن پر امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں کی بمباری
پریس ذرائع کے مطابق امریکہ اور برطانیہ نے ایک بار پھر مغربی یمن کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: پریس ذرائع کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ پر پانچ بار بمباری کی ۔ دو روز قبل بھی یمن کے مختلف علاقوں پر امریکہ او برطانیہ کی جارحیت کی خبر ملی تھی۔
گذشتہ چند ماہ کے دوران امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیارے یمن کے مختلف علاقوں منجملہ الحدیدہ کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہے ہیں ۔ ان حملوں کا مقصد یمن کی حکومت اور مسلح افواج کو صیہونی حکومت کا محاصرہ نہ کرنے اور فلسطینیوں کی حمایت میں صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں اور اس کے بحری جہازوں پر حملہ نہ کرنے پر مجبور کرنا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے بعد امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیارے مسلسل یمن پر حملے کر رہے ہیں جبکہ یمن کی نیشنل سالویشن حکومت اور مسلح افواج نے بارہا تاکید کی ہے کہ جب تک غزہ پر صیہونی جارحیت اور اس علاقے کا محاصرہ جاری ہے صیہونی حکومت کے خلاف اس کی جوابی کارروائیاں اور حملے جاری رہیں گے اور امریکہ اور برطانیہ اگر یمن کی مسلح افواج کے حملے بند کرانا چاہتے ہیں تو انھیں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت بند کرانا ہو گی ۔