Jun ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  •  صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ کے عوام کا قتل عام صدی کا سب سے بڑا ظلم اور جرم

یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ کی حمایت سے صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ کے مظلوم عوام کا بہیمانہ قتل عام صدی کا سب سے بڑا ظلم اور جرم ہے اور یمن مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ غزہ میں وحشیانہ جرائم کے ارتکاب کے لئے صیہونی حکومت کے لئے امریکہ کی حمایت حقیقی دہشت گردی کی ایک مثال ہے اور یہ دہشت گردی عالمی امن و صلح کے لئے سنجیدہ خطرہ ہے۔

انھوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں بحیرہ احمر میں یمن کی مسلح افواج کی جاری کارروائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی و صیہونی مظالم کے مقابلے میں مظلوموں کی حمایت، یمن کا اصولی موقف ہے اور یمن کی نیشنل سالویشن حکومت اور یمن کی مسلح افواج اپنے اس اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

محمد عبد السلام نے عالمی برادری سے خاموشی توڑنے اور امریکی و صیہونی دہشت گردی کے مقابلے میں اٹھ کھڑا ہونے کا مطالبہ کیا ۔

یمن کی مسلح افواج نے بارہا تاکید کی ہے کہ غزہ کے خلاف جب تک صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے مقبوضہ فلسطین کی طرف جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ٹیگس