صیہونی حکومت کو حزب اللہ کے سربراہ کا سخت انتباہ
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ اگر لبنان پر جنگ مسلط کی گئی تو استقامتی تحریک کسی بھی ضابطے قاعدے اور بندش کی پروا کئے بغیر دشمن کا منہ توڑ جواب دے گی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے شہدائے حزب اللہ کے پروگرام میں اپنے خطاب میں کہا کہ شہادت شکست ہے نہ موت بلکہ استقامتی محاذ کی تقویت کا باعث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آٹھ اکتوبر سے ہمارے سامنے ایک بڑا ہدف ہے اور ہم اسرائیل کو مسلسل جانی اور مالی نقصان پہنچا رہے ہیں اسی لئے وہ لبنان کے محاذ کو غزہ سے الگ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے مجاہدین نے صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملوں کا سخت جواب دیا ہے۔ سید حسن نصراللہ نے اپنے خطاب کے ایک اور حصے میں صیہونی دشمن کو خبردار کیا کہ کشیدگی بڑھنے اور جنگ میں شدت آنے کی صورت میں الجلیل پر حملے کا آپشن بدستور باقی رہے گا۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ غاصب صیہونی حکام شمالی محاذ پر اپنے نقصانات کی پردہ پوشی کرتے ہیں تاکہ ان پر زیادہ دباؤ نہ پڑے، جبکہ 42 غیرقانونی صیہونی کالونیاں مکمل طور پرخالی ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دشمن کے مورچوں، فوجی ٹھکانوں، مراکز اور فوجی وسائل کی کافی معلومات ہیں اورہم منصوبہ بندی کے ساتھ دشمن پر حملے جاری رکھیں گے۔