حزب اللہ کے ہدہد نے اسرائیل کی نیند حرام کر دی
حزب اللہ لبنان نے اسرائیل کے اوپر اپنے ڈرون کی پرواز کی ویڈیو شائع کی ہے جس سے صیہونیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے اسرائیل کی فوجی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے حیفا بندرگاہ میں اہم فوجی اہداف پر نگرانی کے لیے ہدہد ڈرون کو شمالی اسرائیل کی جانب بھیجا ہے۔
ہدہد ڈرون کے بارے میں شائع ہونے والی ویڈیو کو صیہونی میڈیا نے بہت خطرناک قرار دیا ہے اور اسرائیل کے شمال میں اہم فوجی اہداف کی تصاویر کی طرف اشارہ کیا ہے۔
صیہونی ذرائع نے اس ویڈیو کو اسرائیل کے چیلنجز پر حزب اللہ کا جوابی ردعمل قرار دیا کہ اگر تل ابیب نے لبنان کے خلاف کارروائی کی حماقت کی تو اسرائیل کے خلاف اہداف میں کوئی کمی نہیں رہے گی۔
اسی دوران صیہونی ذرائع نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ کی صلاحیت اور طاقت نے اسرائیلی فوج اور سیکورٹی نظام کو حیران و پریشان کر دیا ہے۔
صیہونی میڈیا نے اس ویڈیو اور تصاویر کی اشاعت کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ نے ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی ویڈیوز شائع نہیں کیں بلکہ اس نے اپنی معلومات اور پیشرفتہ ٹکنالوجیز کا مظاہرہ کیا ہے۔
ان صیہونی ذرائع نے اس ویڈیو کے جاری ہونے کی ٹائمنگ پر بھی تاکید کی اور کہا کہ یہ ویڈیو اتفاقیہ طور پر شائع نہیں کیا گيا بلکہ امریکی خصوصی ایلچی اموس ہوچسٹین کے لبنان اور اسرائیل کے دورے کے موقع پر کیا گیا ہے۔