Jul ۱۰, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • یمن اور عراق کا صیہونی اہداف پر حملہ

یمن اور عراق میں سرگرم مزاحمتی تنظیموں نے غزہ کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر صیہونی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے منگل کی شب آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلی کارروائی میں امریکی جہاز مائرکس سینٹوسا کو بحیرہ عرب میں کروز اور بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ سریع نے مزید کہا کہ "دوسری کارروائی میں، مارتھوپولیس جہاز کو بحیرہ عرب میں کئی ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔" انہوں نے واضح کیا کہ اس جہاز نے یمن کی مسلح افواج کی جانب سے صیہونی حکومت کی بندرگاہوں کی طرف نہ بڑھنے کی وارننگ کو نظر انداز کیا تھا۔
یحییٰ سریع کے مطابق تیسری کارروائی میں اسرائیلی جہاز ’ایم ایس سی پٹنری‘ کو خلیج عدن میں متعدد ڈرونز نے نشانہ بنایا۔
دوسری جانب عراق کی اسلامی مزاحمت نے بھی منگل کی صبح مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں ڈرون حملے کی خبر دی ہے۔ عراق کی اسلامی مزاحمت نے بتایا کہ فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں اس کے مجاہدین نے ایلات میں "ام الرشراش" میں ایک حساس اور اہم ہدف کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ بدھ کی صبح بھی عراقی مزاحمت نے صیہونی حکومت کے قیساریہ علاقے میں واقع رابین بجلی گھر کو اپنے ڈرون سے نشانے پر لیا۔

ٹیگس