Jul ۱۴, ۲۰۲۴ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
  • ظلم کی نئی تاریخ لکھتا اسرائیل، انروا کے ایک کالج پر صیہونی حکومت کا وحشیانہ حملہ

میڈیا ذرائع نے اتوار کو مرکزی غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کے ایک کالج پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے میں درجنوں فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا  نے الاقصیٰ  ٹی وی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے  کہ غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے اتوار کو مرکزی غزہ کے النصیرات کیمپ میں انروا کے ابو عریبان کالج پر وحشیانہ بمباری کردی۔ اقوام متحدہ کے اس کالج میں ایسے ہزاروں فلسطینی پناہ گزین تھے جن کے گھر صیہونی بمباریوں میں تباہ ہوگئے ہیں۔ اس کالج پر بمباری میں اسّی سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

صیہونی حکومت کو معلوم تھا کہ اقوام متحدہ کے اس کالج میں بے گھر ہونے والے فلسطینی پناہ گزین ہیں اس کے باوجود اس نے اس کالج پر بمباری کردی۔

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کے مشیرعدنان ابو حسنہ نے الجزیرہ کو بتایا ہے کہ ہم اسرائیلی فوج کو اپنے کالجوں اور اسکولوں کے بارے میں مسلسل معلومات فراہم کرتے رہتے ہیں اور یہ بھی بتاتے ہیں کہ یہاں عام فلسطینی شہری پناہ گزین ہیں لیکن وحشی اسرائيلی فوج سے غزہ کی کوئی جگہ بھی محفوظ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ غاصب صیہونی فوج نے سنیچر کو خان یونس کے علاقے المواصی پر وحشیانہ حملہ کر کے سیکڑوں بے گناہ فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کردیا تھا۔ 

 

 یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک بتا چکے ہیں کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے اور عام شہریوں کی بچانے کے لئے فوری جنگ بندی ضروری ہے۔

 

ٹیگس