Jul ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • غزہ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت، شہدا کی تعداد میں اضافہ

شہرغزہ کے مرکز پر صیہونی حکومت کی فوج کے تازہ ترین حملے میں کئی فلسطینی شہید ہوگئے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی نیوز ایجنسی سماء کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگي طیاروں نے آج پیر کو مرکزي غزہ میں واقع المغازی کیمپ میں ایک رہائشی مکان کو حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت پانچ فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ یہ حملہ ایسی حالت میں انجام پایا ہے کہ اتوار کو صیہونی حکومت نے ایک مجرمانہ کارروائی کرتے ہوئے مرکزی غزہ میں آنروا کے ایک اسکول پر حملہ کرکے بارہ فلسطینیوں کو شہید اور ستر کو زخمی کردیا تھا۔
فلسطین کے اسپورٹس میڈیا فیڈریشن کے سربراہ مصطفی صیام نے اعلان کیا ہے کہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے صیہونی حکومت کے حملوں میں تین سو فلسطینی کھلاڑی شہید ہوچکے ہيں۔ مصطفی صیام نے کہا کہ غزہ پٹی کے جنوبی صوبوں کے نوے فیصد سے زیادہ اسٹیڈیم، صیہونی فوج کے حملے شروع ہونے کے بعد سے تباہ ہوچکے ہيں۔ غزہ پٹی میں فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر کے بعد سے اب تک اڑتیس ہزار سے زيادہ فلسطینی شہید اور اٹھاسی ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔
خلیج فارس تعاون کونسل کے سیکریٹری جاسم محمد البدیوی نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم جنوبی غزہ کے المواصی علاقے میں واقع پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے کی جس میں عام شہریوں کا بھاری جانی نقصان ہوا، شدید مذمت کرتے ہيں۔ خلیج فارس تعاون کونسل کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت کی فوج کسی بھی عہد و پیمان کی پابند نہيں ہے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ اپنی ذمہ داری پر عمل کرے اور تل ابیب کو اس کے جرائم پر جوابدے بنائے۔
دریں اثنا فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے پیر کی صبح جنوبی شہر جنین میں واقع قباطیہ کالونی پر یلغار کر کے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے شمالی الخلیل میں واقع بیت امر کالونی اور مغربی نابلس میں واقع جماعین کالونی پر بھی حملہ کیا ہے۔

ٹیگس