Aug ۰۴, ۲۰۲۴ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • پناہ گزینوں کے خیموں پر بمباری، غزہ میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غزہ کے خلاف اپنے حملے جاری رکھتے ہوئے شہدائے الاقصی اسپتال کی دیواروں کے قریب ، پناہ لئے ہوئے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: غزہ کی پٹی میں فلسطینی اتھارٹی کے انفارمیشن آفس نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کی صبح اسرائیلی فوجیوں نے وسطی غزہ کے دیرالبلح علاقے میں شہدائے الاقصی اسپتال کے اطراف میں پناہ گزینوں کے خیموں پر بمباری کر کے کم از کم پانچ افراد کو شہید اور اٹھارہ سے زائد کو زخمی کر دیا۔

اسرائیلی قابض فوج نے دیر البلح میں ایک گھر پر بھی بمباری کی جس میں تین افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسی طرح غزہ کی پٹی کے شمال میں الفاخورہ اور جبالیہ کیمپ پر بمباری میں آٹھ افراد شہید ہوگئے۔

ایک اور خبر یہ ہے کہ الجزیرہ" ٹی وی چینل کے رپورٹر نے وسطی غزہ کے النصیرات کیمپ کے شمال میں بجلی کی پیداواری اور تقسیم کار کمپنی اور ملیشین اسکول کے قریب صیہونی حکومت کے ہوائی اور توپ خانے کے حملوں کی خبر دی ہے۔

غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے آغاز کو تین سو دن سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور یہ حکومت دن بہ دن اپنے اندرونی اور بیرونی بحرانوں میں مزید دھنستی جا رہی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی میں سات اکتوبر دوہزارتیئیس سے لے کر اب تک انتالیس ہزار پانچ سو پچاس فلسطینی شہید اور اکیانوے ہزار دو سو اسی زخمی ہو چکے ہیں-

 

ٹیگس