Aug ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۹ Asia/Tehran
  • امریکا، مصر اور قطر کی حماس و اسرائیل کو غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کی دعوت

قطر، مصر اور امریکا نے حماس اور صیہونی حکومت کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے مذاکرات کی دعوت دے دی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: امریکہ، مصر اور قطر نے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فریقین غزہ میں جنگ بندی کے لیے 15 اگست سے مذاکرات کا آغاز کریں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات دوحہ یا قاہرہ میں ہو سکتے ہیں، نہ مزید وقت ضائع کرنے اور نہ ہی کسی فریق کی طرف سے کوئی عذر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
تینوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قیدیوں کی رہائی، جنگ بندی شروع کرنے اور معاہدے پر عمل درآمد کا وقت ہے۔
دوسری جانب صیہونی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی مذاکرات کار 15 اگست کو میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے ایک امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان آئندہ ہفتے تک معاہدہ ہونے کا امکان نہیں۔
واضح رہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تیئس سے طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک غزہ اور فلسطینی علاقوں میں خون کی ندیاں بہا دینے کے باوجود صیہونی حکومت اپنے کسی بھی مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے جبکہ غزہ کے خلاف جنگ سے فلسطینی مزاحمت اور عوام کے حوصلے پہلے سے زیادہ بلند ہیں اور وہ پختہ عزم کے ساتھ صیہونی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہيں۔

ٹیگس