صیہونی فوجیوں کی بمباری میں فلسطینی خاتون صحافی اپنے بچوں سمیت شہید
غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے میں ایک فلسطینی صحافی وفا العودینی اور ان کے خاندان کے افراد شہید ہو گئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق یہ حملہ غزہ کے وسطی علاقے میں ان کے گھر پر کیا گیا تھا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: وفا العودینی بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے ساتھ کام کرنے والی ایک معروف رپورٹر تھیں، وہ اپنے شوہر معیر العودینی اور دو بچوں کے ساتھ صیہونی فوجیوں کے حملے میں شہید ہوگئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفا العودینی کو ان کے ساتھی صحافیوں نے خراج تحسین پیش کیا اور ان کی لگن اور فلسطینی عوام کی مشکلات کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے ان کے کام کی تعریف کی۔ فلسطینی صحافی احمد ابو ارتیمہ نے "مڈل ایسٹ آئی" کو بتایا کہ وفا العودینی کو یورپی ذرائع ابلاغ میں خاص شہرت حاصل تھی، اور وہ فلسطینیوں کی مشکلات کو انگریزی زبان میں بہترین انداز میں پیش کرتی تھیں۔ غزہ میں قائم میڈیا دفتر نے کہا کہ وفا العودینی اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والی 7 اکتوبر سے اب تک کی 174ویں صحافی ہیں۔
اس واقعے میں دیگر متاثرین کے ساتھ وفا العودینی کا قتل صحافیوں اور بین الاقوامی برادری میں شدید غم و غصے کا باعث بنا ہے۔